Monday 9 January 2012

نماز کی اہمیت و فوائد

بائیسواں پیغام
نماز کی اہمیت و فوائد  
محترم حضرات! ہم سب جانتے ہیں کہ رمضان کا یہ بابرکت مہینہ اللہ سے تقرب حاصل کرنے کا بہترین وقت ہے اور نماز بندے کو اس کے رب سے قریب کردینے والی سب سے بڑی عبادت ہے،بندہ دن میں روزہ رکھتا ہے تو فرائض کی پابندی کے ساتھ راتوں میں تہجد و نوافل کا بھر پور اہتمام کرتا ہے۔
روزہ دارو! نماز، اسلام کا وہ اہم رکن ہے جو مسلمانوں اور کافروں کے درمیان فرق کرتی ہے، رسول اکرم ﷺ کا ارشاد ہے: ’’ہمارے اور ان (کافروں) کے درمیان عہد نماز ہے لہذاجو شخص اسے چھوڑدے، اس نے یقیناًکفر کیا‘‘(ترمذی، ابن ماجہ) نمازی کے متعلق روز قیامت پہلا سوال ہوگا، ارشاد نبوی ہے: قیامت کے روز بندے سے سب سے پہلے نماز کا حساب لیا جائے گا، اگر نماز درست نکلی تو باقی اعمال درست نکلیں گے اور اگر نماز فاسد ہوگئی تو باقی اعمال بھی فاسد ہوجائیں گے(رواہ الطبرانی)
نماز کی اہمیت اور فضیلت کا اندازہ صرف اس بات سے لگا لیجئے کہ قرآن میں ۷۰۰ سے زیادہ مرتبہ نماز کا ذکر آیا ہے اور ۸۶ جگہوں پر حکم دیا گیا ہے، اللہ فرماتا ہے: نماز قائم کرو،زکوٰۃ ادا کرو اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کیا کرو(البقرہ ۴۳۰) بھائیو! نماز ایمان کی علامت ہے، معراج کا تحفہ ہے، سلامتی کا ضامن ہے ۔ جس نے اسکی حفاظت کی گویا دین کی حفاظت کی اور جس نے لاپروائی برتی اس نے دین کو ضائع کردیا۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: اپنے گھر والوں کو نماز کا حکم دیجئے اور اس پر ڈٹ جائیے(آہٰ:۱۳۲) اس آیت کے ضمن میں رسول اللہ ﷺ فرماتے ہیں، تمہارے بچے جب سات سال کے ہوجائیں تو انہیں نماز پڑھنے کا حکم دو اور جب دس سال کے ہوجائیں( اور نماز نہ پڑھیں) تو انہیں اس پر سزادو‘‘ (احمد، ابو داؤد)
معلوم ہوا کہ ہمیں خود نماز کا پابند ہونا چاہئے اور بچوں کو اس کی پابندی کرانی چاہئے تاکہ وہ بڑے ہوکر اسلام کے اس اہم فریضہ پر ڈٹے رہیں۔
جان بوجھ کر نماز چھوڑنے والا کافر ہے اور اگر توبہ نہیں کرتا ہے تو جمہور علماء کے نزدیک اسے قتل کردینا چاہئے، نماز کی بے پناہ قدرو منزلت کے باعث آپ ﷺ نے امت کو جو آخری وصیت کی تھی، ملاحظہ فرمائیں:الصلوٰۃُ ومَا مَلَکَتْ اَیْمَانُکُم‘‘ نماز کا خیال رکھنا اور غلاموں کے حقوق ادا کرتے رہنا،(ابن ماجہ) ام المومنین ام سلمہ کہتی ہیں کہ مرض الموت میں یہ جملہ آپ ﷺ باربار دہراتے رہے یہاں تک کہ زبان مبارک خشک ہوگئی۔
آئیے ہم سب عہد کریں اپنے رب کے حضور کہ نبی اکرم ﷺکی اس آخری وصیت کی پابندی کریں گے اور کسی قسم کی غفلت نہیں برتیں گے۔
اللہ ہمیں اس کی توفیق سے نوازے

No comments:

Post a Comment